نئی دہلی،14؍ دسمبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) بہوجن سماج پارٹی کے رہنما کنور دانش علی نے حکومت سے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ اس قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے جیلوں میں بند طلباء کو جلد از جلد رہا کیا جانا چاہئے.مسٹر علی نے پیر کو لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران حکومت سے سی اے اے قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ اس کے خلاف احتجاج کے دوران یو اے پی اے نافذ کرتے ہوئے انہیں جیلوں میں بند طلباء اور مظاہرین کو جلد از جلد رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومت نے کسانوں کے خلاف تین سیاہ زرعی قوانین کو واپس لے لیا ہے اور حکومت نے پورے ملک میں پرامن احتجاج کرنے والے لوگوں کے خلاف جھوٹے مقدمات واپس لینے کی تحریری یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے لائے گئے سی اے اے کے قانون کے خلاف پورے ملک میں پرامن احتجاج کیا گیا ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ سے لے کر جواہر لعل نہرو یونیورسٹی تک اور بالخصوص شاہین باغ میں ان بزرگ خواتین نے پرامن تحریک چلائی۔ ان لوگوں کو دوبارہ احتجاج کیلئے سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کریں۔